گلبرگہ5؍فروری( اعتماد نیوز): کل رات 12.15بجے میجسٹک گارڈن کے روبرو محمد
رفیع چوک رنگ روڈ پر خطرناک سڑک حادثہ پیش آیا این ای کے آر ٹی سی گلبرگہ
کی حیدرآباد جارہی راج ہنس بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر دی جس کے نتیجہ میں
موٹر سائیکل پر جارہے ارشد نامی نوجوان کی برسرِ موقع موت ہوگئی جبکہ دوسرا
نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ اُس کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے ، اُسے
حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے ، حادثہ اس قدر خطرناک تھا کے بس موٹر سائیکل کو
ٹکر دینے کے بعد نیچے گر پڑے نوجوان ارشد کا سر بری طرح کچلتے ہوئے آگیبڑھ
گئی ۔ محلہ بلند پرواز کے ساکن یہ دونوں
نوجوان مسجد نور الٰہی کے روبرو
منعقدہ جلسہ جشن غوث الاعظم میں شریک تھے اور چائے پینے کے لئے محمد رفیع
چوک سے نزد ہوٹل پہنچے تھے چائے نوشی کے بعد جلسہ گاہ واپس ہونے کے لئے
محمد رفیع چوک سے یو ٹرن لے رہے تھے کہ بس کی زد میں آگئے۔ حادثہ کے فوری
بعد اکٹھا ہوئے ہجوم کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے بس ڈرائیور فرار ہوگیا ،
حادثہ کے خلاف سڑک پر رات 3بجے تک راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا ۔ این ای
کے آر ٹی سی کے ایک عہدیدارنے مقام حادثہ پہنچ کر مہلوک کے عہدیدار
کو50ہزار اور زخمی نوجوان کے ورثاء کو 25ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا جس
کے بعد راستہ روکو احتجاج واپس لیا گیا ۔